نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین وآرائش، وکٹوں کی تیاری جاری

September 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں شروع ہوگئیں۔اسٹیڈیم میں ضرورت کےمطابق تزئین و آرائش کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، تین وکٹیں میچز اور دو وکٹیں پریکٹس کے لئے تیار کی جارہی ہیں، حالیہ بارش سے وی آئی پی انکلوژر کی متاثر ہونے والی چھتوں کی مرمت کی جارہی ہے۔ کراچی میں ہونے والے تینوں ون ڈے میچوں کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی۔قیمت 500 سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ نجی کورئیر کمپنی سے ٹکٹوں کی فروخت ہفتے سے شروع ہوگی۔ شائقین کو ایک شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔ دریں اثناء براڈ کاسٹرز کا سامان کراچی پہنچ گیا ہے، اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کردیے گئے ہیں۔