کراچی میں4نوجوانوں کی جبری گمشدگی قابل مذمت ہے،علامہ صادق جعفری

September 21, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ کراچی میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے4بے گناہ جوانوں کی جبری گمشدگی قابل مذمت اور بنیادی شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے، ماورائے آئین چھاپوں اور گرفتاریوں سے خوف وہراس پیدا ہو رہا ہے ،رات کی تاریکی میں دروازے توڑ کر گھروں میں داخل ہونے سے ملت جعفریہ میں احساس عدم تحفظ پروان چڑھ رہاہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، کسی بھی جرم میں ملوث شہری کو حوالات میں بند کیا جاتا ہے،اسے عدالت میں پیش کرکے اس پر الزام ثابت کیا جاتا اور اسے اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے،انہوں نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، کورکمانڈرکراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیں۔