حکومت مدارس سے طے معاملات پر فوری عملدر آمد کرے،مفتی نعیم

September 21, 2019

کراچی(پ ر)حکومت ہر میدان میں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، مدارس سے طے معاملات پر حکومت فی الفور عملدرآمد کرے ،مدارس نے بغیر کسی سرکاری تعاون کے دنیا بھر میں خود کو منوایا ، فواد چوہدری جیسے وزیر حکومت کیلئے خطرے کا باعث بن رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہاروفاق المدارس مرکزی مجلس عاملہ کے رکن جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے جامعہ صدیقہ کے مہتمم ومعروف عالم دین مولانا منظور احمد مینگل سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس بھی وزیر یا شخصیت کوبیرونی آقاوں کی خوشنودی حاصل کرنی ہوتی ہے وہ مدارس کیخلاف بیانات داغ دیتاہے ۔ آج اگر ملک عصری تعلیم میں دنیا سے پیچھے ہے تو اس کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مدارس نے حکومتوں کے سوتیلے سلوک کے باوجود دینی تعلیم کو گلی گلی عام کیاہے اور کررہے ہیں۔