مقبوضہ کشمیر،مساجد پر تالے، متعدد امام گرفتار، عوام کرفیو توڑ کر نکل آئے

September 21, 2019

کراچی (نیوزڈیسک )مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے لاک ڈاؤن کو 47 روز مکمل ہوگئے جہاں سری نگر سمیت دیگر بڑے شہروں کی مرکزی مساجد پر تالے رہے اور نماز جمعے کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ متعدد شہروں میںعوام بھارتی فوج کا سخت کرفیو توڑ کر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا گیا۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں چند ماہ میں کئی مساجد کے امام گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ گرفتاری کے بعد ان کی آمدنی اور اثاثوں کی چھان بین جاری ہے۔اقوام متحدہ سربراہ عالمی رہنماؤں کے سامنے جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے،تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی حکام نے سری نگر کی جامع مسجد، درگاہ حضرت بل، دستگیر صاحب، چرار شریف اور جامع مسجد کشتواڑ سمیت دیگر مرکزی مساجد میں جمعے کی نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہریوں نے سری نگر، بانڈی پورا، بارہ مولا، کپواڑا، اسلام آباد، پلواما، کلغام، شوپیاں اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں نماز جمعہ کے چھوٹے چھوٹے اجتماعات ہوئے جس کے بعد شہریوں نے بھارت کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگائے اور نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے فیصلے کو بھی مسترد کردیا۔بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین روکنے کیلئے رکاؤٹیں کھڑی کردیں اور منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور پیلٹ گنز سے فائر کیے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔