رافیل جنگی طیاروں کی بھارتی فضائیہ میں  شمولیت مزید8ماہ کیلئے کھٹائی میں پڑگئی

September 21, 2019

اسلام آباد(صالح ظافر)بھارتی ایئرفورس میں فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیاروں کی شمولیت کا معاملہ مزید8ماہ کیلئے کھٹائی میں پڑگیا‘ امکان ہے کہ پہلا جنگی طیارہ آئندہ سال مئی میں بھارت پہنچے گا۔اسی اثناءمیں بھارتی حکومت نے ایئرچیف مارشل بریندرسنگھ دھنواکی جگہ ایئرمارشل آرکے ایس بدوریاکوانڈین فضائیہ کا نیاسربراہ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔بھارتی فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ نے رافیل طیاروں کو رواں ماہ بھارتی فضائیہ میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایاتھا اور پاکستانی سرحد کے قریب امبالا کے اگلے محاذ پر اس کیلئے انتظامات مکمل اورشیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا تھا مگر یہ تقریب نہ ہوسکی ۔مصدقہ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ایئرمارشل وی آرچوہدری اور ان کی ٹیم پہلے رافیل طیارے کی حوالگی کیلئے گزشتہ روزفرانس گئی تھی مگر طیارہ جانچ کیلئے مزید 8ماہ فرانس میں ہی رکھا جائے گا ۔