وزیراعظم کا بیان مثبت، کشمیر پر پاکستانی مؤقف مضبوط کریگا،تجزیہ کار

September 21, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال لڑنے کیلئے کشمیر جانے والا پاکستان اور کشمیریوں کا دشمن ہوگا، عمران خان کیا وزیراعظم پاکستان کا بیان عالمی سطح پر کشمیر پر پاکستان کے موقف کو مضبوط کرے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا بیان بہت مثبت ہے جو عالمی سطح پر کشمیر پر پاکستان کے موقف کو مضبوط کرے گا، اقوام متحدہ کا اجلاس سر پر ہے، اس وقت پوری دنیا کی سول سوسائٹی اور میڈیا مودی کو برا کہہ رہا ہے، ہیوسٹن میں اس کانفرنس میں رکاوٹیں آرہی ہیں جس میں مودی کے ساتھ ٹرمپ کو بھی آنا تھا، اس وقت پاکستان کی طرف سے امن اور کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا بیان بہت اچھا ہے جس سے دنیا میں مثبت اور واضح پیغام جائے گا۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کشمیرجانے والوں سے متعلق بیان پاکستان کے تبدیل ہوتے ریاستی بیانیہ کا حصہ ہے، وزیراعظم خان کو اس بیانیہ کو اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی دہرانا چاہئے، کشمیر کی جدوجہد آزادی میں پاکستان کا سب سے موثر کردار یہی ہوگا کہ ہم اس میں مداخلت نہ کریں، عمران خان نے جو بیان دیا یہ تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے، کشمیر کے معاملہ میں انڈین سپریم کورٹ اور اپوزیشن کے دباؤ کو ہمیں ویلکم کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اسے بی جے پی اپنے حق میں استعمال کرتی ہے،کتے کے کاٹنے سے بچے کی ہلاکت کی ذمہ داری سندھ حکومت، پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو تینوں کی ہے۔بابر ستار نے کہا کہ وزیراعظم کا کشمیر جاکر لڑنے والوں کو کشمیریوں کا دشمن قرار دینا بہت خوش آئند ہے، پاکستان کو اعلیٰ سطح پر اس پالیسی کو تسلسل سے آگے لے کر چلنا چاہئے، اگر کشمیر میں کسی غفلت کی وجہ سے کوئی ایسا واقعہ ہوگا تو پاکستان اور کشمیر کاز کو بہت زیادہ نقصان ہوگا۔محمل سرفراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کشمیر میں جہاد سے متعلق بیان پاکستان کے موقف کو مضبوط کرے گا ،عمران خان نے پہلی دفعہ یہ بات نہیں کی بلکہ پلوامہ حملے اور ایران میں بیٹھ کر بھی یہی باتیں کی تھیں کہ ماضی کی پالیسیاں غلط تھیں جنہیں ہم بدلنا چاہتے ہیں، انڈیا سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کنٹرول نہیں ہورہی ہے، جیسے ہی وہاں سے کرفیو اٹھایا جائے گا خونریزی کا خطرہ ہے۔