اوورسیز پاکستانیوں کیلئے الوطن انڈسٹریل اسٹیٹ اسکیم ختم

September 21, 2019

کراچی(رفیق بشیر)پورٹ قاسم اتھارٹی نے اورسیز پاکستانیوں کے لئے قائم الوطن انڈسٹریل اسٹیٹ کی اسکیم ختم کردی ،حکومت کی جانب سے پورٹ قاسم پر اورسیز پاکستانیوں کے لئے بنائے جانے والے انڈسٹریل اسٹیٹ کو ختم کرنے سے اورسیز پاکستانیوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ، اور حکو مت کے اس فیصلے پراحتجاج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اس سے حکومت پر اورسیز پاکستان یوں کا اعتماد مجروع ہوا ہے ،تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم کے پاس موجود غیر ضروری اراضی کو کھپانے اور ملک میں اورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرنے کیلئے 2004 میں ایسٹرن زون میں الوطن کے نام سے انڈسٹریل اسٹیٹ کا اعلان کیا تھا ، جس کی بکنگ صرف فاران کرنسی میں کی گئی ، الوطن انڈسٹریل اسٹیٹ میں متحدہ عرب امارات ، امریکہ،آسٹریلیا،سعودی عرب ، کینڈا اور دیگر میں میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے صنعتی پلاٹ بک کرائے ، اور اس کی پارٹ پے منٹ فارن کرنسی میں کی گئی ، لیکن اچانک پورٹ قاسم اتھارٹی نے الوطن انڈسٹریل اسکیم کو ختم کردیا ، اس اسکیم میں بیرون ملک رہائش پذیر ہزاروں پاکستانیوں کے کروڑوں روپے کی سر مایہ کاری ہوئی ہے ، متاثر ین کا کہنا ہے کہ اچانک اسکیم ختم کرنے سے بیرون ملک رہائش پذیر لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے ، اس سلسلے میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے الاٹیز کے گھروں کے ایڈریس پر خطوط بھی ارسال کئے گئے ہیں اور جن میں کہا گیا ہے کہ بکنگ کرانے والے اورسیز پاکستانی اپنی رقم واپس لے لیں الوطن انڈسٹریل اسکیم ختم کردی گئی ہے، الوطن انڈسٹریل اسٹریٹ میں 5 سو سے دو ہزار گز تک کے صنعتی پلاٹ تھے جو قرعہ اندازی کے زریعے اورسیز پاکستانیوں کو الاٹ کئے گئے تھے اور صنعتی پلاٹ کی رقم فارن کرنسی میں لی گئی تھی،اس سلسلے میں پورٹ قاسم اتھارٹی کا موقف ہے کہ الوطن انڈسٹریل اسٹیٹ اسکیم کو اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائر یکٹرز نے ایک قرارداد کے ذریعے ختم کیا ہے،یہ قرار داد 25 مئی 2016کو بورڈ کے اجلاس میں پیش کی گئی تھی ، تاہم اسکیم ختم کرنے کا حتمی اعلان 27 جنوری 2019 کو کیا گیا ۔