لیڈز میں پولیس وین نذر آتش، آفیسرز پر بھی حملہ

September 21, 2019

لندن (پی اے) لیڈز میں پولیس کی وین کو نذر آتش کر دیا گیا اور رپورٹس ہیں کہ پولیس آفیسرز بھی حملے کی زد میں آئے ہیں۔ جمعرات کو ویسٹ یارک شائرکے علاقے ہالٹن مور میں پولیس کرائم سین وین کو نذر آتش کر دیا گیا۔ یہ واقعہ برطانوی وقت کے مطابق 6 بجے شام پیش آیا۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس یہاں ہنگامہ آرائی کی اطلاع پر آئی تھی۔ صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس آفیسرز السٹر کریسنٹ پر موجود تھے، جہاں وہ ایک گاڑی کو نقصان پہنچنے کے بعد آئے تھے۔ ریجنل سائنٹیفک سپورٹ سروسز کے سربراہ پیٹر آرنلڈ نے ٹوئیٹر پر کہا کہ میرا سٹاف اس لئے کام کرنے کیلئے نہیں آتا کہ ان کی کاڑی کو آگ لگائی جا سکتی ہے۔ ہم کرائم سین کا جائزہ لینے اور عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے آتے ہیں، تاہم تمام آفیسرز ٹھیک ہیں۔