بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے، یونس چھچھتروی

September 21, 2019

نوٹنگھم (ابرار مغل) آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری محمد یونس چھچھتروی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزاد خطے کے باسیوں کی صحیح نمائندگی کرتے ہوئے واضح اور اصولی موقف اپنا کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ بھارت مسلسل عالمی وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے لیکن پاکستان سمیت بیشتر اسلامی حلقے ابھی تک مذمت اور اظہار یکجہتی سے آگے نہیںجارہے ہیں۔ نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ گزر گیا ہے اسی لاکھ کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں، نوجوانوں کا قتل عام اور عورتوں کی عصمت دری کی جارہی ہے۔ لیکن آج بھی ہم زبانی کلامی اظہار مذمت میں مصروف ہیں۔ چوہدری محمد یونس چھچھتروی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جرأت و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے حقائق بیان کئے امید ہے کہ انکی تقریر کو پاکستان سنجیدہ لے کر کشمیریوں کیلئے عملی مدد کرے گا۔