نوجوان سیدھی راہ پرچلنے کیلئے بزرگوں کی قائم کردہ روایات اپنائیں، مرزا مسرور

September 21, 2019

لندن(جنگ نیوز) مجلس انصار یوکے کی 37ویں مجلس کا اجتماع گزشتہ روز جماعت احمدیہ کے سربراہ کے خطاب کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگیا۔اپنی تقریر میں مرزا مسرو ر نے کہا کہ نوجوانوں کو سیدھی راہ پرچلنے کیلئے بزرگوں کی قائم کردہ روایا ت اپنانی چاہئے ،جماعت احمدیہ کے عالمی سربراہ مرزا مسرور نے احمدیہ جماعت کے 40سال سے زیادہ عمر پر مشتمل احمدیہ بزرگ ایسوسی ایشن یوکے کے 37ویں سالانہ اجتماع سے اختتامی خطاب کیا ، کنگسلے مارکیٹ میں منعقد ہونے والے مجلس انصار کے اس 3روزہ اجتماع میں پورے برطانیہ سے4 ہزار 600سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ اپنی تقریر میں مرزا مسرور نےاس معیار کی تفصیل بتائی جو احمدیہ جماعت کے بانی مرزا غلام احمدنے قائم کی تھیں اورکہاکہ مجلس انصار کے ارکان کو ان پر عمل پیرا ہونا چاہئے، مرزا مسرور نے کہا کہ مجلس انصار پر اپنے ارکان کو بزرگوں کی قائم کردہ روایات کی پیروی کرانے کی بھاری ذمہ داری عاید ہوتی ہے،انھوں نے کہا کہ نوجوان اپنے بزرگوں سے سیکھتے اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہیں اس لئے انھیں بہترین نظیریں قائم کرنی چاہئیں،مرزا مسرور نے کہا کہ اب جبکہ مجلس انصار کی رکنیت میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ تنظیم ترقی کررہی ہے تنظیم کے ارکان کو خود یہ دیکھنا چاہئے کہ کیا وہ مرزا غلام احمد کی توقعات کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں،مرزا مسرور نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مرزا غلام احمد آپ سے کیا توقعات رکھتے تھے ؟۔ جب تک ہم حقیقی جذبے سے اس کاجواب نہیں دیتے اور جب تک ہم ان توقعات کو اپنی ترقی میں اجاگر نہیں کرتے ہم ان کی تعلیمات کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتے۔مرزا مسرور نے کہا کہ مرزا غلام احمد کی تعلیمات احمدیہ جماعت کے سامنے باقاعدگی سے پیش کی جاتی ہیں اور باقاعدگی کے ساتھ ان روحانی اور اخلاقی معیار کی یاددہانی کرائی جاتی ہے جو احمدیہ کمیونٹی میں ہونی چاہئیں، اجتماع کااختتام خاموش دعا پر ہوا۔