طویل عمر اور چاق و چوبند رہنےکیلئے ہفتے میںکم از کم 2 مرتبہ ورزش کریں

September 21, 2019

لندن( پی اے ) برطانیہ کے معروف ڈاکٹروں نے نئی گائیڈ لائن میں کہاہے کہ طویل عمراور چاق و چوبندرہنے کیلئے مسلز کومضبوط ومستحکم رکھنے کی اور ہفتے میں کم از کم2 مرتبہ ایروبک ورزش کرنا ضروری ہے۔ پہلی مرتبہ ڈاکٹروں کے اس مشورے میں حاملہ خواتین اور نئی مائوں کیلئے محفوظ سطح کی سرگرمیوں کو بھی شامل کیاگیا ہے ،ڈاکٹروں کے مشورے میں 65سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بڑھتی عمر کے اثرات سے بچنے کیلئے رقص کرنے بائولز یاتائی چی کا مشورہ دیاگیا ہے۔مشورے میں کہاگیاہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے موٹاپے ،ٹائپ ٹو ذیابیطس ،دل کے امراض اور ڈپریشن سے تحفظ ملتاہے۔ جسمانی سرگرمیوں کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز برطانیہ کے چیف میڈیکل افسران نے تیار کی ہیں اور انھیں تازہ ترین سائنسی شواہد کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیاگیاہے ڈاکٹروں نے اپنی اس گائیڈ لائن میں کہاہے کہ کچھ نہ کچھ کرتے رہنا کچھ نہ کرنے سے بہتر ہےجبکہ زیادہ سرگرم رہنازیادہ اچھا ہے۔انگلینڈ کی چیف میڈیکل افسر پروفیسر ڈیم سیلی ڈیویز کا کہناہے کہ برطانیہ کے زیادہ تر بچے اور بالغ افراد زیادہ سرگرم نہیں رہتے، انھوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ سرگرمی کے ساتھ سفر کرنا چاہئے انھوں نے کہا لوگوں کو ایک اسٹاپ سے قبل بس یا ٹیوب سے اترجانا چاہئے ،انھوں نے کہا کہ لوگوں کو لفٹ کے بجائے سیڑھیاں چڑھنی چاہئیں، ہمیں زیادہ سرگرم رہنے کی ضرورت ہے۔گائیڈ لائن میں کہاگیاہے کہ نوجوانوں کو 50سال کی عمر کے بعد مسلز ماس اور ہڈیوں میں آنے والی قدرتی کمی یا خرابی سے بچنے کیلئے زیادہ مضبوط اور سرگرم ہونا چاہئے۔