ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے راہگیر زخمی

September 21, 2019

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) جڑواں شہر وں کے مختلف علاقوں میں دو درجن سے زائد وراداتوں میں لاکھوں کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی اشیا ، دو گاڑیاں اور سات موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔مزاحمت کے دوران فائرنگ سے راہ گیر زخمی ہوگیا ۔تھانہ پیرودہائی کے علاقے میں تین ڈاکو ندیم کی دکان میں داخل ہوئے اسلحہ کی نوک پر ایک لاکھ چالیس ہزارروپے کی رقم وموبائل چھینے۔ دکاندار کے شور مچانے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راہگیر اختر شاہ گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔تھانہ صادق آباد کے علاقے میں شہری سے نقدی و مو بائل لوٹنے، خاتون سے پرس و موبائل چھیننے،تھانہ سول لائن کے علاقے میں خاتون سے طلائی زیورات اور پرس،تھانہ صدربیرونی کے علاقے میں شہری اور اہل خانہ سے زیورات و پرس، تھانہ سہالہ کے علاقے میں سکول کے گیٹ پر خاتون سے زیورات و نقدی لوٹنے پر مقدمات درج کر لیے گئے ۔تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں گھر سے دو لاکھ دس ہزار روپے چوری،گھر سے دو موٹرسائیکل ، طلائی زیورات اور موبائل چرانے،مصریال گاؤں میں گھر سے سامان و کاغذات، تھانہ نصیر آباد کے علاقے سے گائے، تھانہ ٹیکسلاکے علاقے سے پچاس ٹائر، تھانہ مندرہ کے علاقے میں گھر سے چار تولے طلائی زیورات، 35ہزارروپے اور دیگر اشیاء،تھانہ کورال کے علاقے مدینہ ٹائون میں گھر سے تین لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔تھانہ کراچی کمپنی نے ساٹھ لاکھ روپے خورد برد ، تھانہ کھنہ پولیس نے کار ہڑپنےپر خیانت مجرمانہ ، کھنہ پولیس نے 9 لاکھ کے فراڈ جبکہ تھانہ رمنا پولیس نے نوکریاں دینے کا جعلی اشتہار دے کر کمپنی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مقدمات درج کر لئے۔