کم ریکوری کیس میں 19ایکسائز انسپکٹر بری الذمہ، 5کی انکریمنٹ بند

September 21, 2019

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے دو درجن ایکسائز انسپکٹروں کیخلاف پراپرٹی ٹیکس کی کم وصولیوں کے کیس میں 19کیخلاف الزامات سچ ثابت نہ ہونے پر انہیں بری الذمہ قرار دیدیا گیا جبکہ پانچ انسپکٹروں کی سالانہ ایک ، ایک انکریمنٹس بند کرنے کی سزا دی گئی ہے۔ گزشتہ روز مجاز اتھارٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن چوہدری سہیل ارشد کی طرف سے فیصلہ جاری کیا گیا۔کے مطابق وقت دینے کے باوجود جن انسپکٹروں کی ریکوری بہتر نہ ہو سکی ان کی انکریمنٹس بند کر دی گئی ہیں جبکہ زیادہ تر کو بری الذمہ قرار دیدیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے اپریل کے مہینے میں کم ریکوری پر پیڈا ایکٹ کے تحت دو درجن پراپرٹی ٹیکس انسپکٹروں کیخلاف انکوائری کا عمل شروع ہوا تھا اور انکوائری افسر موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی ملک امجد نے انکوائری مکمل کر کے گزشتہ ہفتہ کے دوران رپورٹ مجاز اتھارٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن کو بھجوا دی تھی۔ ڈائریکٹر ایکسائز کے فیصلے کے مطابق انسپکٹرز ریاض ورک، رشید ڈوگر، رانا زاہد ، صفدر جھنگ ، ظہیر حیدر کی ایک، ایک انکریمنٹ بند جبکہ خواتین انسپکٹروں سمیت 19ایکسائز انسپکٹروں کو الزامات سے بری الذمہ قرار دیدیا گیا، لگژری ہائوس ٹیکس کی انکوائری میں آٹھ انسپکٹروں میں سے چھ کو بری الذمہ کر دیا گیا جبکہ رشید ڈوگر اور صفدر جھنگ کی ایک، ایک انکریمنٹ روک دی گئی۔