امسال بھی پشتون کلچر ڈے بھرپور انداز میں منائینگے‘اے این پی

September 21, 2019

کوئٹہ( آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے قائم مقام صدر حاجی شان عالم ، جنرل سیکرٹری نذر علی پیر علی زئی ، عین الدین ترین ، ثناء اللہ کاکڑ ، غلام محمد کاسی ، یاسین آغا ، صحبت خان کاکڑ ، محمد اخلاق بازئی ، زمان کاکڑ ، ندیم کاسی ، عبدالعزیز کاکڑ ، ملک عرفان بازئی اور حبیب ننگیال نے بیان میں کہاہے کہ جو قومیں اپنی تاریخ و ثقافت کو ترجیح دیتی ہیں وہ ہمیشہ قائم رہتی ہیں اور جن اقوام نے اپنی تاریخ و ثقافت اور زبان کو بھلا دیاان کا کوئی نام لیوا تک نہیں ۔ پشتون غیور قوم اپنے ثقافتی دن کو بھر پور طریقے سے ہر سال مناتی ہے بلکہ عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور کارکن بھی اس دن کو بھر پور انداز میں مناتے ہیں ۔ اے این پی ضلع کوئٹہ میں اس سال 23ستمبر کو پشتون ثقافتی دن کے موقع پر سائنس کالج کوئٹہ سے ریلی نکالی جائے گی جس میں ضلع بھر کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بھر پور شرکت کریں گے ۔ بیان میں ضلع کے تمام یونٹ صدور ،جنرل سیکرٹریز و دیگر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 23ستمبر کوسہ پہر 3بجے سائنس کالج پہنچ کر ریلی میں بھر پور شرکت کریں ۔