کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی‘ پی ٹی آئی

September 21, 2019

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق تحریک انصاف کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے اوروہ کشمیری عوام کے حق ا ور بھارتی مظالم کے خلاف نعرئے بازی کررہے تھے پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالباری بڑیچ ، غفار کاکڑ و دیگر نےشرکاء سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرے کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا ہے کہ آزادی کی جنگ میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کشمیری بھائیوں کی مدد کرئے گی ہم سفارتی اور اخلاقی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور وہ دن دورنہیں جب انڈیا کے مظالم ختم اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کشمیری عوام کی حق خودارادیت اور ان پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے عملی طور پرجدوجہد کررہی ہے ۔ جو حکومت کی بہتر اور کامیاب سفارتی پالیسیوں کا ثبوت ہے ۔