صوبائی وزیرکا خیبر پختونخوا میں چھ نئے میڈیکل کالج بنانے کا اعلان

September 21, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے صوبے میں چھ نئے میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان انہوں نے ہیلتھ فائونڈیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں کو جدید ٹیکنالوجی مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے حصول کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی ایکسرے مشینوں، ایم آر آئی، بلڈ لیبارٹریز ، سی ٹی سکین اور دیگر مشینری کو ہیلتھ فاؤنڈیشن کی وساطت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے جدید بنایا جائے گا جبکہ لکی مروت ، کرک، ہری پور، وزیرستان ، کرم اور باجوڑ کے پانچ سو بستروں کے ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہر ہسپتال کے ساتھ ایک میڈیکل ٹیچنگ کالج بنایا جائے گا۔وزیر صحت ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 10 روز کے اندر حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھ نئے میڈیکل کالجوں کے قیام سے صوبے کے طالبعلموں کو بہترین مواقع میسر ہوں گے اور ہسپتالوں کے شعبوں میں بہتری نظر آئے گی یہ میڈیکل کالجز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔