کراچی، معتدل ہیٹ ویو کا آغاز، اسپتالوں کو الرٹ جاری

September 21, 2019

کراچی میں آج سے معتدل ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا ہے جو آئندہ 4 دنوں تک موجود رہے گا، جبکہ شہر کے اسپتالوں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 4 روز کے دوران ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہنے کا خدشہ ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی، معتدل ہیٹ ویو کا آغاز، اسپتالوں کو الرٹ جاری

کراچی میں ممکنہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر ڈائریکٹر ہیلتھ آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جبکہ سندھ حکومت کے ماتحت شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور اسپتالوں میں خصوصی وارڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں شمالی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے۔

ہیٹ ویو کے دوران مطلع صاف رہنے سے سورج کی تپش براہ راست زمین پر پڑنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جبکہ میدانی اور خشک علاقوں کی ہوائیں موسم گرم رکھیں گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو آئندہ دو دن کے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور یہ ڈپریشن کراچی میں آئندہ 4 روز تک معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال 24 ستمبر تک برقرار رہے گی اس دوران پارہ 38سے 40ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے اثرات جنوب اور جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر 24اور 25ستمبر کے دوران مٹی کے طوفان اورگرج چمک کے ساتھ بارش برسا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مئی کے بعد اکتوبر گرم ترین مہینوں میں شمار کیا جاتا ہےاور اس دوران ہیٹ ویوآنے کے امکانات بھی رہتے ہیں۔