ملکہ ترنم نور جہاں کی 93ویں سالگرہ

September 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ملکہ ترنم نور جہاں کی93 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

برصغیر پاک و ہند کی نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی93 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔

میلوڈی کوئین کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں، اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 9 سال کی عُمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ اسٹار بن گئیں۔

ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے 26 بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد فلموں کے لیے غزلیں اور گیت گائے جس میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پناہ ہٹ ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000ء کو علالت کے بعد انتقال کر گئیں لیکن اُن کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔