قائم خانی 2 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

September 21, 2019

راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم لیاقت قائم خانی کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی ۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم لیاقت کو احتساب عدالت اسلام آباد میں 23 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

قائم خانی 2 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مارا جس میں کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان کی دستاویزات برآمد ہوئیں۔

چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی 8 لگژری گاڑیوں میں مرسیڈیز اور لینڈ کروزر بھی شامل جبکہ جدید اسلحے کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ سونا، قیمتی زیورات اور کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔

ان کے گھر سے 4 بائی 6 فٹ کے دو بڑے لاکرز بھی پکڑے گئے تھے، سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے تھے۔

ملزم لیاقت قائم خانی کو باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے اور کلفٹن کے ایک پارک کا بڑا پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام تھا۔

نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا گھر انتہائی پُرتعیش اور عالی شان ہے جو اُن کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا، گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے ہیں اور گھر کے اندر باتھ روم 2 مرلے پرمحیط ہے۔