میجر عدیل کراچی، سپاہی فراز آزاد کشمیر میں سپردِ خاک

September 21, 2019

پاک افغان سرحد پر شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کو کراچی میں جبکہ سپاہی سید فراز حسین گیلانی کو آزاد کشمیر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدیل شاہد کو کراچی میں نمازِ جنازہ کی ادا ئیگی کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

شہید کی نمازِ جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور عمائدینِ شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید میجر عدیل شاہد نے بیوہ اور 3 بیٹیاں سوگوارچھوڑی ہیں، انہوں نے چند سال قبل شہید کیپٹن کی بیوہ سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کی جڑواں بچیاں ہیں جن کی عمر ڈیڑھ سال ہے۔

ادھر افغان بارڈر پر میجر عدیل شاہد کے ساتھ شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی سید فراز حسین گیلانی کی نمازِ جنازہ بھی فوجی اعزاز کے ساتھ کوٹلی آزاد کشمیر میں ادا کی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: پاک افغان بارڈر پر دھماکا، میجر اور سپاہی شہید

نمازِ جنازہ میں عسکری و سول حکام کے علاوہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی، شہید کو پاک فوج کے دستے نے سلامی بھی دی۔

شہید فراز حسین گیلانی کو ان کے آبائی علاقے ڈھیری سیداں میں ان کے والد کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزا فغان سرحد پر ضلع مہمند میں بارودی سرنگ کے دھماکے میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہو گئے تھے۔