وزیراعظم دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے، شاہ محمود

September 22, 2019

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سات روزہ دورہ ٔ امریکا کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک کشمیری وفد سے ملاقات کریں گے جبکہ عمران خان پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے اور 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف ملکوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ امریکا کے دو معروف تھنک ٹینکس ایشیا سوسائٹی اور کونسل فار فارن ریلیشنز کے ارکان سے بھی وزیراعظم کی ملاقات ہو گی اور مالیاتی شعبے کی اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکی، ملائیشیا اور پاکستان اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے مل کر ایک سہ ملکی اجلاس بھی منعقد کر رہے ہیں۔