ہنگو: مسافر کوچ پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، 4 زخمی

September 28, 2019

ہنگو میں مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ زرگیری علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک ہی خاندان کے لوگ عدالت سے پیشی کے بعد واپس آرہے تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، زرگیری کے قریب مسلح افراد کا ایک گروپ پہلے سے ہی تاک میں بیٹھا تھا، جس نے کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ میں خاتون اور بچی سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔