پولیس اہلکاروں کو فرسٹ ایڈ کی تربیت کے لئے تربیتی ورکشاپ

October 16, 2019

پشاور(کرائم رپورٹر) محکمہ پولیس پشاور کے اہلکاروں کو فرسٹ ایڈ کی تربیت دینے کے سلسلہ میں ملک سعد شہید پولیس لائن میں ایک روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں سروسز ہسپتال پشاور کے ڈاکٹر محمد نذیر آفریدی اور او سی اے آصف خان نے پولیس اہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران جان بچانے والی ادویات، اس کی بحفاظت ہسپتال منتقلی اور اس کو ابتدائی طبی امداد دینے کی تربیت دی، ڈاکٹر محمد نذیر آفریدی نے پولیس اہلکاروں کو مختلف جان لیوا بیماریوں اور ان کے علامات کے حوالے سے خصوصی لیکچر بھی دیئے۔ ورکشاپ میں شامل پولیس اہلکاروں نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سی سی پی او کریم خان نے ملزمان، پولیس اہلکاروں اور دیگر شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام تھانوں میں جان بچانے والی ادویات رکھنے اور بوقت ضرورت استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے سلسلہ میں پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹرز کی جانب سے خصوصی تربیت دی گئی۔