کشمیر کونسل ای یوکے زیر اہتمام27اکتوبر کو بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ ہوگا

October 21, 2019

برسلز ( حافظ اُنیب راشد )کشمیر پر جبری بھارتی قبضے اور وہاں کے عوام پر مسلط کردہ کرفیو کے خلاف کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام 27اکتوبر بروز اتوار کو انڈین ایمبیسی برسلز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس مظاہرے میں مختلف کشمیری تنظیمیں اور ان کے پاکستانی ہمدرد بڑی تعداد میں شریک ہو نگے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کونسل ای یو کے چیئر مین علی رضا سید نے کہا کہ 27اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔ اس دن کشمیر کے آزاد منش لوگوں کو ان کی مرضی کے برخلاف طاقت کے زور پر غلام بنا لیا گیا تھا ۔ ان سے ان کا بنیادی اور جمہوری حق ، حق خود ارادیت چھین لیا گیا۔ جو اقوام عالم کی قراردادوں کے باوجود ان کو دینے سے ہمیشہ انکار کیا گیا۔کشمیریوں کے زخموں پر مزید نمک پاشی کرتے ہوئے جمہوری حقوق سے آشنا 21 ویں صدی میں بھی ان پر طاقت کے زور پر کرفیو نافذ کرکے انکی روحوں کو مسمار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس ظلم کے خلاف کشمیری پوری دنیا میں احتجاج کرکے اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ 27 اکتوبراتوار کے روز اس مظاہرے میں اپنی فیملیز سمیت شریک ہوکر اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں اور انہیں یہ پیغام دیں کہ اپنی مبنی بر انصاف جدوجہد میں وہ اکیلے نہیں۔