لبنان: معاشی بحران پر عوامی احتجاج، وزراء کی تنخواہوں میں کمی

October 21, 2019

لبنانی حکومت نے معاشی صورتحال اور عوامی احتجاج پر قابو پانے کے لئے اراکین اسمبلی اور وزراء کی تنخواہوں میں پچاس فیصد کمی کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان دار الحکومت بیروت میں صدر میشیل عون کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم سعد الحریری نے کیا، اجلاس میں معاشی بحران اور ملک میں جاری عوامی احتجاج کے تناظر میں اقتصادی اصلاحات پر بحث کی گئی۔

وزیراعظم سعد الحریری کے مطابق کابینہ نے معاشی اصلاحات سمیت سال 2020 کے بجٹ کی منظوری دی، اصلاحات کی مد میں اراکین اسمبلی اور وزراء کی تنخواہوں میں پچاس فیصد کمی کردی گئی ہے۔

جبکہ بحران کے ذمہ داروں کے محاسبہ کے لئے انسداد بدعنوانی کی علیحدہ کمیشن قائم کی جائیگی، ساتھ ہی بیرون ملک سے ملکی خزانے کی رقوم واپس لانے کے لئے قانون سازی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا آئندہ مالی سال 2020 کے بجٹ میں اضافی ٹیکسز نہ لگانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ لبنان میں معاشی بحران اور حکومتی ٹیکسوں کے خلاف مسلسل چار روز پرتشدد مظاہرے کئے گئے تھے۔