مظفرگڑھ میں 13 سالہ طالبعلم کو آگ لگادی

October 26, 2019

مظفرگڑھ میں نامعلوم شخص نے مدرسے کے 13 سالہ طالبعلم پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ طالبعلم کو نشتر اسپتال ملتان کے برن یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں مدرسے کے 13 سالہ طالبعلم محمد یعقوب پر مبینہ طور پر پیڑول چھڑک کر آگ لگادی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے سے یعقوب کے جسم کا تقریباً 30 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔

ورثاء کے پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق طالبعلم یعقوب مدرسے سے دولت واہی میں اپنے گھر واپس جارہا تھاکہ راستے میں کھیت میں چھپےایک نامعلوم شخص نے اُس پر پٹرول چھڑکا اور اُسے آگ لگادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طالبعلم کو نشتر اسپتال ملتان کے برن یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ جتوئی میں درج کرلیاگیا ہے۔