مریم کی ضمانت پر کارکن جشن نہ منائیں، دعا کریں،شہباز شریف

November 04, 2019

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ضمانت منظور ہونے پر کارکنان سے خصوصی اپیل ہے کہ جشن منانے یا مٹھائیاں تقسیم کرنے کے بجائے صرف دعائیں کریں، قائد محمد نواز شریف کی صحت ناساز ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ضمانت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ وہ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں شکر ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیٹی مریم نوازکی ضمانت سے نواز شریف کی تیمارداری کے تقاضے بہترین انداز سے پورے ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مسلم لیگ نون کے قائد محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے،عوام، کارکنان، دوست اور احباب سب سے اپیل ہے کہ محمد نواز شریف کی صحت کے لئے خصوصی دعا فرمائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی کمی کی تشخیص از حد ضروری ہے۔