ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کے چند انداز

November 10, 2019

2019ءاپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، تاہم رواں سال متعارف کروائے گئے ایکسٹیریئر ڈیزائن آپ آنے والے سال بھی اپناسکتے ہیں۔ آئیےجانتے ہیں کہ رواں سال کے ایکسٹیریئر ڈیزائنز میں سے کونسا ڈیزائن آپ اپنے گھر کی رونق بڑھانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔

پینٹ والی اینٹیں

پینٹ کردہ اینٹیں یقینی طور پر کوئی نیا رجحان نہیں، یہ انداز آپ کو جدید گھروں سے لے کر تاریخی عمارات تک میں ملے گا۔ رواں سال آپ نے مکان میں روایتی سرخ اینٹوں پر کیے گئے پینٹ یا پینٹ کردہ اینٹوں سے ڈھکے ایکسٹیریئر کا بڑھتا رجحان دیکھا ہوگا۔

یہ انداز ہمیشہ ہی تازہ اور نیا محسوس ہوتا ہے۔ 1980ء کی دہائی کے وسط میں نوآبادیاتی طرز پر سفید رنگ کے حیرت انگیز اور خوبصورت گھروں کے انداز کو بھی اپنایا جاسکتا ہے، جو آپ کے گھر کو دوسرے گھروں سے ممتاز و ممیز کردے گا۔

جدید فارم ہاؤس

جدید فارم ہاؤس ایک ایسا رجحان ہے، جو 2020ء میں بھی سست روی کا شکار نہیںہوگا۔ اس کلاسک طرز تعمیر کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ پورچ کے اوپر گہر ی دھات والی چھت اور پسِ منظر میں سفید رنگ کے کنٹراسٹ کے ساتھ جدید اندازاپنا سکتے ہیں۔

سیاہ رنگ

جو لوگ رواں سال گہرے رنگوں جیسے کہ سیاہ یا سرمئی سے اپنے ایکسٹیریئر کو ایک جداگانہ انداز دے چکےہیں، ا ن کی دیکھا دیکھی 2020ء میںبھی لوگ ان رنگوں کو اپنا نا چاہیں گے۔ سیاہ رنگ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگالیںکہ سیاہ ایکسٹیریئر والے گھرگذشتہ کچھ برسوں میں پنٹرسٹ (Pintrest) فیڈز اور انسٹاگرام پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں اور ایسا لگتاہے کہ لوگ تیزی سے یہ رحجان اپنانے کی جانب راغب ہورہے ہیں۔

اسمارٹ لائٹس

جب ہم اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کے بارے میں سوچتے ہیں تو اکثر گھر کے اندرونی حصے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں خیال آتا ہے۔ تاہم گھر کے بیرونی حصوں اور راستوں کو بھی شمسی توانائی سے چلنے والی اسمارٹ لائٹس سے روشن کیا جاسکتا ہے جبکہ موشن سینسر فلڈ لائٹس کے ساتھ اضافی حفاظت بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

مستحکم اور پائیدار مواد

پائیدار مواد کی بات کرتے ہوئے ہم گھر کے ڈیزائن میں اعلیٰ معیار اور استحکام کے ساتھ گھر کی دلکشی کو بھی ذہن میںرکھتے ہیں۔ گذشتہ برسوں میں، بہت سے مکان مالکان نے اپنے منصوبوں کے لئے بہترین مٹیریل میں سرمایہ کاری کر کے طویل مدتی لاگت کی بچت اپنائی ہے۔

لینڈ اسکیپنگ اور گارڈننگ

صرف اندرون خانہ ہی نہیںبیرون خانہ یعنی ایکسٹیریئر ڈیزائننگ بھی لینڈاسکیپنگ یا باغیچے سے مزین ہوتی ہے۔ یہ ٹرینڈ بھی نیا نہیں، لیکن آپ وقت کے ساتھ ساتھ اس میںجدت لاسکتےہیں اور ایک روشن باغیچے کو اپنے ایکسٹیریئر کا حصہ بناسکتے ہیں۔

تمام شیڈز والے جنگلی پھولوں اور بڑے پتوں والے پودوں کو اپنے ایکسٹیریئر گارڈن میںشامل کرکے آپ اپنے گھر کو خوشنما اور دوسروں کیلئے ایک مثال بناسکتے ہیں۔ خوبصورتی اور دلکشی کے حوالے سے ایکسٹیریئر ڈیزائن کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ خود کو آرام دہ محسوس کرانے والے رجحانات اپنانے کیلئے آپ صاف پانی والے جھرنو ں، چٹانوں والے باغات اور مکمل پرسکون انداز میں نشست وبرخاست والی سیٹیں بنواسکتے ہیں۔

پودوںکے بڑے مرتبان

پودوں کے بڑے مرتبان بھی گارڈن بیڈز کی طرح ہوتے ہیں لیکن یہ سائز میں کافی بڑے ہوتے ہیں، جیسے کہ آپ نے بڑے بڑے ڈرم رکھے ہوں۔ اس کے اندر لگے پھول پودے اور جڑی بوٹیاں آپ کے گھر کے ایکسٹیریئر کو نیاانداز دیتے ہیں اور آپ کو سبزہ زار کیلئے باغبانی کی ضرورت نہیںپڑتی۔ 2019ء کے پتلے اور جدید ڈرم جیسے اسٹائل کو اپنی نگاہ میں رکھیں، جو آپ کے آرائشی رجحان کو ذوق بخشیں گے۔

گارڈن بیڈز

اس قسم کے گارڈن کیلئے زیادہ کوشش نہیں کرنی پڑتی، بس بڑے بڑے کنٹینر نما برتنوںمیں اپنی پسند کے پھول اور پودے لگاکر آپ انھیں اپنے گھر کے ایکسٹیریئر کا حصہ بناسکتے ہیں۔ پھلوں، جھاڑیوں، جڑی بوٹیوں اور سبزیوں والے یہ بیڈز آپ کے گھر کے ایکسٹیریئر کو خوشنما بھی بنائیں گے اور آپ کو تازہ پھل اور سبزیاں بھی فراہم کریں گے۔

خوبصورت پرگولا

گرمیوں میں پرگولا یعنی جالیوںوالی چھت یا دیوار اپنی کلاسیکل شکل میں آسانی سے سورج کے راستے میں مکمل رکاوٹ پیدا کیے بغیر راحت مہیا کرتی ہے۔ پرگولا والی چھت یا دیوار چاہے الگ تیار کی جائے یا ڈیک یا آنگن کی توسیع کے طور پر، یہ آپ کے گھر کو منفرد طرز فراہم کرتی ہے۔