ہوسپیٹلٹی شو سے ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت کو فروغ ملے گا، کمشنر کراچی

November 08, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے ملک میں ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان ہوسپیٹلٹی شو 2019کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں ہوٹل انڈسٹری اور سیر سیاحت کو فروغ ملے گا، یہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں 3 دسمبر سے 5 دسمبر تک منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش سے ملک کا مثبت تصور اجاگر ہوگا۔نمائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے اس موقع پر بدر ایکسپو سلوشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر ظہیر نصیر نے کہا کہ اس نمائش سے ملک میں ٹورازم اور ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور اس صنعت کے ساتھ دیگر شعبوں کے لیے بھی ترقی کے راستے کھلیں گے، یہ نمائش تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری سے منسلک دیگر صنعتوں کو بھی ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے اور ملک میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہو ں نے نمائش کے لیے کمشنر کراچی کے تعاون کو بھی سراہا، انہوں نے کہا کہ نمائش کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جو نمائش کے انعقاد میں معاون ثابت ہوں گی۔اس موقع پر اعجاز احمد شیخ، ایگزیکٹو مینجمنٹ ڈائریکٹر ، سندھ ٹورازم ڈیویلپمنٹ کار پوریشن، زبیرباویجا، چیئرمین ہوٹل ایسوسی ایشن، امان اللہ، سیکریٹری جنرل، ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن پاکستان، اسرار عباسی، صدر سندھ انصاف اسپورٹس اینڈ کلچر کلچر فیڈریشن، پی ٹی آئی، حارث علی مٹھانی، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس، طاہر اوریا زئی، چیئرمین گیسٹ ہائوس اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن، ماجد عزیز، صدر ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان بھی موجود تھے۔