مقبوضہ وادی بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی

November 09, 2019

سرینگر(جنگ نیوز)مقوضہ وادی بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی جبکہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کے تشدد سے متعدد افراد زخمی ہوگئے،بھارتی فوج نے اس جمعے بھی کشمیریوں کو سرینگر کی جامع مسجد سمیت کئی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا،ادھر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی شدید برفباری کے دوران بھارتی فوج کے 4 اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈائون،کرفیو اور پابندیوں کو 96 روز مکمل ہوگئے،نماز جمعہ کے بعد بڑی تعداد میں کشمیری مظاہرین سرینگر، بڈگام، گندربل،اسلام آباد، پلوامہ، کلگام، شوپیاں، بانڈی پورہ،بارہمولہ،کپواڑا اور مقبوضہ وادی کے کئی حصوں میں سڑکوں پر نکل آئی اور پاکستان کے حق اور بھارت مخالف نعرے بازی کی، اس دوران کشمیریوں نے آزادی کیلئے بھی فلگ شگاف نعرے لگائے۔متعدد مقامات پر کشمیری مظاہرین کی بھارتی فوجیوں سے جھڑپیں بھی ہوئیں،بھارتی فوج کے کشمیریوں پر شیلنگ اور فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔لاک ڈائون اور کرفیو کو 96 روز مکمل ہوگئے تاہم وادی کی صورتحال معمول پر نہ آسکی۔