2 سو کا گلدان 9 کروڑ سے زائد میں فروخت

November 09, 2019

ایک چیریٹی دکان سے 1 برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 2 سو روپے) میں خریدا گیا ایک گلدان 4 لاکھ 84 ہزار پاؤنڈ (9 کروڑ 65 لاکھ روپے) میں فروخت ہوگیا۔

برطانوی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق یہ گلدان 18ویں صدی کا ہے جو چینی بادشاہ چیان لانگ کے زیر استعمال تھا۔

چیریٹی شاپ پر یہ گلدان 1 پاؤنڈ میں خریدنے کے لیے پہنچا تھا، تاہم ایک معروف ای کامرس ویب سائٹ پر جب اسے فروخت کے لیے پیش کیا گیا تو اس کی بولی پر ایک جنگ سی چھڑ گئی۔

ایک چینی خریدار نے اس گلدان کی 3 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 7 کروڑ 57 لاکھ روپے) کی کامیاب بولی لگائی۔

ویب سائٹ اور دیگر اخراجات کے بعد اس گلدان کی قیمت 4 لاکھ 84 ہزار 8 سو پاؤنڈ تک پہنچ گئی جو خریدار نے ادا کی۔

اس گلدان کو فروخت کرنے والے کو بھی اس کی اصل قیمت کا اندازہ نہیں تھا، تاہم وہ اس کی مسلسل بڑھتی ہوئی بولی پر حیران رہ گیا۔

جب دکان دار اسے سورڈرس فائن آرٹ آکشنرز کے پاس لے کر گیا تو اسے معلوم ہوا کہ یہ گلدان چینی بادشاہ چیان لانگ کے زیر استعمال تھا، جنہوں نے چین پر 1735 سے 1796 تک حکومت کی تھی۔

اس گلدان پر ایک مخصوص نشان بنا ہوا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ گلدان برآمد کرنے کے لیے نہیں بلکہ شاہی محل میں رکھنے کے لیے ہے۔

اس کے علاوہ اس میں ایک نظم ’خوشبو‘ کی عبارت موجود ہے، جبکہ اس پر ایک نشان بھی موجود ہے جو بادشاہ چیان لونگ کے لیے مخصوص تھا۔

گلدان پر ایک عبارت لکھی ہوئی تھی ’ویجنگ ویئے‘ جس کا مطلب ہے کہ ’درست رہیے، غیر تفریق شدہ رہیے‘۔

یہ گلدان دیوار پر لگانے کے لیے بنایا گیا تھا، جس کا پچھلا حصہ ہموار جبکہ اس کے سامنے والے حصے میں ڈیزائن موجود تھے۔

اس کا رنگ زرد ہے جو خصوصی طور پر چیانگ سلطنت کے بادشاہوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

گلدان کے فروخت کنندہ کا کہنا تھا کہ وہ اس کی فروخت کے نتائج پر بہت خوش ہیں، جبکہ وہ اس سے حاصل ہونے والی رقم کو اپنی تین سالہ بیٹی کے مستقبل پر خرچ کریں گے۔