چاہار کا ورلڈ ریکارڈ، بھارت ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت گیا

November 10, 2019

دیپک چاہار کی ریکارڈ ساز بولنگ کی بدولت بھارت نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو 30 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ ریاض نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

شفیع الاسلام نے بھارتی کپتان روہیت شرما کی اننگز کا خاتمہ 3 کے مجموعے پر ہی کردیا، ایسے میں دوسرے اوپننگ کھلاڑی شیکھر دھاون نے اپنی اننگز کو جاری رکھتے ہوئے ٹیم کا اسکور 35 تک پہنچایا۔

شفیع الاسلام نے شیکھر دھاون کو بھی پویلین کی راہ دکھا کر بھارتی بیٹنگ لائن کو مشکل میں ڈال دیا۔

ایسے میں شریاس ائیر نے پہلے لوکیش راہل کے ساتھ مل کر 59 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، راہل الامین حسین کی گیند پر 52 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

شریاس ائیر نے دوسرے اینڈ سے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی اور پہلے 9 رنز بنانے والے ریشبھ پنٹ اور پھر منیش پانڈے کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو 144 تک پہنچایا، وہ 62 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے۔

منیش پانڈے نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو 174 رنز کے ٹوٹل تک پنچادیا تھا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار اور شفیع الاسلام 2، 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ایک وکٹ الامین حسین کے حصے میں آئی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم پر نوجوان میڈیم فاسٹ بولر دیپک چاہار قہر بن کر برسے اور محمد نعیم کے سوا کسی بھی کھلاڑی کو وکٹ پر رکنے کا موقع نہیں دیا اور پوری ٹیم 144 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور میچ 30 رنز سے بھارت کے نام رہا جبکہ میزبان ٹیم نے 1-2 سے سیریز بھی اپنی نام کرلی۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی جانب سے محمد نعیم اکیلے ہی مرد میدان بنے رہے اور 48 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی شکست کے خسارے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ محمد متھن دوسرے کامیاب بیٹسمین رہے جنہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ان کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی دوہرا ہندسہ تک عبور نہ کر سکا جبکہ اننگز میں 3 گولڈن ڈک بھی شامل تھے۔

دیپک چاہار نے نہ صرف اپنے کیئریر کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ ساز بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہترین بولنگ کا ریکارڈ سری لنکن اسپنر اجنتھا مینڈس کے پاس تھا جنہوں نے یہ کارنامہ 2012 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کے خلاف انجام دیا۔

اس میچ میں اجنتھا مینڈس نے 8 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ چوتھا موقع ہے جب ایک بولر نے 6 وکٹیں حاصل کی ہوں، ان سے قبل 2 مرتبہ اجنتھا مینڈس اور ایک مرتبہ یوزویندر چہل یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دے دوچار کیا تھا جبکہ بھارت نے دوسرا میچ جیت کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی تھی۔