ترکی کا جناح اسپتال کو 5 جدید الٹراساؤنڈ مشینوں کا تحفہ

November 11, 2019

فائل فوٹو

ترک حکومت کی جانب سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو آج پانچ جدید ترین رنگین الٹراساؤنڈ مشینوں کا تحفہ دیا گیا ہے۔

ترک حکومت کی جانب سے دی گئی الٹراساؤنڈ مشینوں کے یونٹ کا افتتاح آج ترکی کے وزیر ثقافت و سیاحت کے مشیر جناب کامل کابولاش نے کیا۔

اس موقع پر جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی، جناح اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر طارق محمود، ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کے کراچی میں کوآرڈینیٹر ابراہیم قطریجی، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے سربراہ مشتاق چھاپرا اور زاہد بشیر، اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر یحییٰ تنیو، ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹر نوشین سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیر ثقافت و سیاحت کے مشیر کامل قابولاش کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے آباؤ اجداد سے پاکستانی مسلمانوں کے متعلق ہمیشہ اچھی باتیں سنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ وہ آج پاکستان کے سب سے بڑے اسپتال میں موجود ہیں، ترک عوام کی طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ لائے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کے پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلق مزید وسعت اختیار کرے گا، کامل کابولاش کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کی نئی جہتیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

جناح اسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیی جمالی نے ترک حکومت اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک حکومت اور عوام ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے کام آئے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر ترکی کے صدر جناب طیب اردوان کو پاکستانی عوام اور اسلامی امہ کا ہیرو قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ترک حکومت اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کی جانب سے مستقبل میں بھی ایسا تعاون جاری رہے گا۔

جناح اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر طارق محمود نے اس موقع پر جناح اسپتال کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال پاکستان کے چند بڑے اسپتالوں میں سے ایک ہے جس کے صرف ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں روزانہ دو ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اسپتال میں موجود پیٹ اسکین، سائبر نائف، اور دیگر سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی جناح اسپتال میں ایک جدید ترین ٹوموتھریپی مشین کا اضافہ ہونے جارہا ہے جبکہ جناح اسپتال میں جلد ہی جدید ترین کینسر ٹریٹمنٹ سنٹر اور انسٹیٹیوٹ آف سائیکیٹری بھی بنایا جائے گا۔