حکومت صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے، ماہرین

November 11, 2019

وومن کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کائنات امتیاز پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔

ماہرین صحت نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے، موبائل فون اور ہیلتھ ایپلیکیشنز کے استعمال سے ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے، پاکستان میں میں فزیو تھراپی کے متعلق عوام میں شعور بہت کم ہے، صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری اسپتالوں پر بوجھ کم ہو گا جبکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت نے فزیوتھراپی کے حوالے سے نئی روشناس کی جانے والی موبائل ہیلتھ اپلیکیشن "فزیو آن لائن" کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معروف فزیوتھراپسٹ اور میمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ہیڈ آف فزیوتھراپی ڈاکٹر محبت علی، پاکستان کی وومن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بالر کائنات امتیاز، مقامی دواساز کمپنی کے ڈائریکٹر عبدالصمد صدیقی، روشنی رائیڈز کے راحیل اختر، ضیاء الدین اسپتال کے ڈاکٹر اقبال احمد سمیت کئی ماہرین صحت موجود تھے۔

پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بالر کائنات عزیز کا کہنا تھا کہ خواتین کو خاص طور پر خواتین فزیوتھراپسٹ تلاش کرنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فزیو آن لائن نامی ایپلیکیشن کے ذریعے اب وہ ملک کے کسی بھی شہر میں جاکر وہاں موجود تربیت یافتہ فزیوتھراپسٹ کی خدمات حاصل کرسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا چاہیے خاص طور پر صحت کے شعبے میں موبائل ہیلتھ ایپلیکیشنز کے استعمال سے عوام الناس کو صحت کی بہتر سہولتیں میسر آسکتی ہیں۔

معروف فزیوتھراپسٹ اور میمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر محبت علی کا کہنا تھا کہ آج کل ہر شخص اپنے یا اپنے اہل خانہ کے لیے کسی اچھے ڈاکٹر کی تلاش میں رہتا ہے لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ اچھا ڈاکٹر نہ صرف ان کے اپنے علاقے میں انہیں مل جائے بلکہ ڈاکٹر ایسے وقت میں میسر ہو جس سے وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کو سہولت کے ساتھ مل سکیں۔

ڈاکٹر محبت علی نے کہا کہ فزیو آن لائن ایپلیکیشن کے بننے سے اب نہ صرف مریضوں بلکہ فزیوتھراپی کے ماہرین کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں بہت آسانی ہوگی۔

مقامی دواساز کمپنی فارم ایوو کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ عبدالصمد صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے فزیو آن لائن ایپلیکیشن اوبر اور کریم کی طرز پر تیار کی ہے لیکن یہ ایپلیکیشن مریضوں اور ڈاکٹروں کو بغیر کوئی معاوضہ وصول کیے ایک دوسرے سے روشناس کراتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ایپلیکیشن کے ذریعے 4 ہزار سے زائد فزیوتھیراپسٹس کا ڈیٹا اکٹھا کر کے ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا گیاہے اور اب کوئی بھی شخص اس ایپلیکیشن کو ڈاؤن لوڈ اور اپنے آپ کو رجسٹر کروا کر اپنے علاقے میں موجود کسی بھی فیزیوتھراپسٹ سے رابطہ کر سکتا ہے اور ان کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔