غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر واٹس ایپ بند ہوجائیگا

November 11, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر واٹس ایپ بند ہوجائیگا

پلیٹ فارم کو بہتر انداز میں استعمال کرنے اور اس کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے اور غیر اخلاقی عمل میں ملوث صارفین پر پابندی لگانا شروع کردی۔

غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ایسے صارفین پر پابندی عائد کرنے کا آغاز کردیا ہے جو مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہوں یا پھر ان کے واٹس ایپ کے نام مشکوک اور بدنیتی پر مبنی ہوں۔

گِز چائنا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کچھ واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس کی مکمل بندش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

سوشل شیئرنگ ویب سائٹ ریڈ اٹ کے ایک صارف نے بتایا کہ ان پر واٹس ایپ نے مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے اپنی اس پابندی کی وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسے گروپ کا حصہ تھے جس کے ایڈمن نے شرارت کرتے ہوئے گروپ کا نام ’چائلڈ پرونوگرافی‘ رکھ دیا تھا جس کے بعد واٹس ایپ نے گروپ میں شامل تمام نمبروں پر ایپلی کیشن کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔

اس صارف نے اپنے پیغام میں یہ بھی بتایا کہ جب اس نے واٹس ایپ سپورٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہیں ایک خود کار جواب موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ میرے گروپ والوں نے واٹس ایپ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔

واٹس ایپ کے آئندہ آنے والے فیچرز کے بارے میں لکھنے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق اپنے گروپ کا نام غیر موزوں رکھ کر واٹس ایپ کی پابندی کا سامنا کرنا بہت ہی آسان دکھائی دیتا ہے۔

اس ویب سائٹ کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں گروپ کے مواد کو نہیں دیکھا گیا کیونکہ اس میں ایسی چیز موجود ہی نہیں تھی بلکہ ممکنہ طور پر صرف شرارت کے طور پر تبدیل ہونے والے نام ہی کی وجہ سے پورے گروپ کے نمبروں پر پابندی عائد کردی گئی۔

اس کے علاوہ ریڈ اٹ کے ایک اور صارف نے بتایا کہ واٹس ایپ نے اس کے اسکول کے گروپ میں شامل تقریباً 100 ممبران پر مکمل پابندی عائد کردی۔

علاوہ ازیں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کچھ لوگوں نے اپنی پابندی سے متعلق اطلاعات دیں۔

ایسے واٹس ایپ صارفین جنہیں پہلے بنے ہوئے غیر اخلاقی گروپ میں ان کے علم میں آئے بغیر کسی دوست نے شامل کیا تو ایسے صارف پر پابندی عائد نہیں ہوگی۔

ڈبلیو اے بیٹا کے مطابق واٹس ایپ کو معلوم ہے کہ آپ کو بعد میں کسی اسپام گروپ میں شامل کیا گیا ہے، پابندی صرف ان ہی صارف پر عائد ہوگی جو کافی عرصے سے کسی غیر اخلاقی گروپ کا حصہ ہوں گے۔