کامل ایمان کیلئے محبت رسول کو دوسری تمام محبتوں پر غالب کرنا لازم ہے،علماء

November 12, 2019

لاہور(وقائع نگار خصوصی )جامع مسجد مولانا احمد علی لاہوری اچھرہ لاہور میں شان مصطفیؐ و عظمت ختم نبوت کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹرمیاں محمد اجمل قادری جبکہ صدارت پیر رضوان نفیس نے کی ۔ کانفرنس میں مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا عبد الکریم ندیم، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا قاری علیم الدین شاکر، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ کامل ایمان کے لئے محبت رسول کو دوسری تمام محبتوں پر غالب کرنا لازم ہے۔اہل حق عشق رسول کی ناقابل تسخیر طاقت سے اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔ مسلمانوں کے جسموں سے روح محمد نکالنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ سامراجی، استعماری اور طاغوتی طاقتیں پیغمبر اسلام کے ماننے والوں کو بکھیرنا چاہتی ہیں۔ تاجدار ختم نبوت کی عظمتوں کا جھنڈا تاقیامت سر بلند رہے گا۔ مسلم حکمران سیرت رسول کی روشنی میں پالیسیاں بنائیں۔ اسوہ حسنہ کی پیروی ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ غلامان رسول ختم نبوت کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو سکتے عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی اساس ہے ا س کے تحفظ کے لئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں۔