نعتِ رسولﷺ: اِک ادنیٰ سا راہی

November 17, 2019

٭…… نسیم محبوبی ……٭

نہیں ہے خوف مجھ پر کچھ بلا کا

بڑا ہی فضل ہے مجھ پر خدا کا

خوشامد، چاپلوسی، بےضمیری

تنزّل آدمی پر انتہا کا

دلوں میں نفرت و بغض و عداوت

کرشمہ ہے فقط حرص و ہوا کا

حمیّت ، حُرمت و ناموس و عزّت

اثاثہ صاحبِ شرم و حیا کا

شبِ تاریک و تنہائی کا عالم

مزا آتا ہے ایسے میں دُعا کا

دلِ ناداں ہے یہ معراج تیری

تجھے احساس ہوجائے خطا کا

کرم اے منبعِٔ جودو محبّت

مَیں طالب ہوں فقط تیری رضا کا

عطا کچھ اور کر دے دینے والے

ابھی کشکول خالی ہے گدا کا

میرے نغموں میں ہو سوزِ محبّت

اثر آہوں میں میری ہو بلا کا

مِرا ذوقِ سفر راہِ وفا میں

فقط احسان ہے میرے خدا کا

مَیں اِک ادنیٰ سا راہی راہِ حق کا

ہوں ذرّۂ خاک پائے مصطفیٰ کا

محبّت کے ترانے مل کے گاؤ

یہ نعرہ ہے نسیمِؔ بے نوا کا