کراچی میں دودھ 94 روپے لٹر بیچنے کا حکم

November 12, 2019

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں فی لٹر دودھ کی قیمت 94 روپے پر برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے 5 دسمبر کو دودھ کی قیمت سے متعلق ایکٹ اور قانون سازی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ عدالتِ عالیہ میں جمع کرائی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے جمع کرائی گئی رپورٹ میں عدالت کو بتایا ہے کہ زائد قیمتوں پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ 24 اکتوبر سے اب تک زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں پر 33 لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد جرمانے کیے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے سندھ ہائی کورٹ کو اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ مقررہ قیمت سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے 4 افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: دودھ کی سرکاری قیمت 94، عوام کو 110 میں میسر

واضح رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دودھ فی لٹر 100 روپے اور اس سے زائد میں کھلے عام فروخت ہو رہا ہے۔