حضورﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے دور ہوگئے، علمائے کرام

November 13, 2019

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے ظلم و جہالت کے اندھیرے کا نور ہوئے، انسانیت کا شرف بحال ہوا، آدمیت کو وقار ملا، غم زدے مسرور ہوئے، 12ربیع الاول کا دن قیادت تک کے لیے بہار اور مسرت کا پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہیلی فیکس میں شاندار مرکزی جلوس سے علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ محمد سجاد رضوی، علامہ عبدالسمیع نقشبندی، علامہ پیر سید غلام دستگیر شاہ، علامہ محمد ابراہیم مصباحی، حافظ ولی الرحمن، حافظ قاری ظہیر اقبال اور دیگر نے شرکت کی۔ جامع مسجد مدنی، جامع مسجد غوثیہ، نورانی مسجد اور فیضان مدینہ کے تعاون سے جلوس نکالا گیا۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری اس کائنات کے لیے سب سے بڑی رحمت اور عزت ہے۔ یتیموں، غریبوں اور بیوائوں پر ظلم کی رات ختم ہوئی۔ صدیوں کا انتظار اختتام پذیر ہوا۔ انبیا و رسل کی دعائوں کو تعبیر ملی۔ علامہ محمد سجاد رضوی، چیئرپرسن الفیض ٹرسٹ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع پر زور دیا اور شریعت پر پابندی کو میلاد شریف کا مغز قرار دیتے ہوئے عملی طور پر اسلام کا نام بلند کرنے پر زور دیا۔ پیر سید غلام دستگیر شاہ نے اسوۂ حسنہ کی اہمیت اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف جملہ کا تذکرہ خوبصورت الفاظ میں کیا۔ علامہ عبدالسمیع نقشبندی نے مسلم کمیونٹی پر زور دیا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ نماز اور دیگر شعائر اسلامیہ کی حفاظت کی جائے۔ آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے انہیں دینی شعور دینا ضروری ہے جو صرف علم دین سے ہی ممکن ہے۔ جلوس مخصوص راتوں سے ہوتا ہوا۔ مرکزی جامع مسجد مدنی ہیلی فیکس میں اختتام پذیر ہوا، جہاں بچوں نے نعتیہ اشعار دف کے ساتھ پڑھے اور درودو سلام پر محفل کا اختتام ہوا۔ وطن عزیز پاکستان، کشمیر اور دیگر اسلامی خطوں کی حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔