میلادالنبیﷺ کے جلوس کے ذریعے غیرمسلموں کومحبت کا پیغام دے رہے ہیں، پیر منورحسین جماعتی

November 13, 2019

برمنگھم (ابرار مغل) برمنگھم میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد امیر ملت سے سجادہ نشین علی پور سیداں صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی قیادت میں نکالا گیا۔ بعداز نماز عصر شروع ہونے والا37سالہ میلاد مصطفیﷺ کے جلوس میں علما کرام، مشائخ عظام، پیران حضرت کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جلوس مختلف علاقوں، شاہراہوں، بازاروں، چوکوں اور سڑکوں سے گزرا تو ہر طرف دیکھنے والوں کا ہجوم لگ گیا۔ نبی کریم آقا دو جہاںﷺ کی عظمت و شان اور درود پاک کا ورد کرتے ہوئے جلوس واپس امیر ملت سینٹر22شیکسپیئر اسٹریٹ پہنچا، جلوس میں مذہبی و دینی شخصیات علامہ سید ظفر اللہ شاہ، صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمٰن قادری، حاجی محمد سعید مغلMBE،حاجی محمد اعظم جماعتی، پیر سید احمد زمان جماعتی، حاجی محمد نذیر اعوان اور دیگر نے خصوصی پر شرکت کی۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگائے گئے۔ شرکا جلوس کی خاطر و تواضع کے لیے خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔ اختتام جلوس پر صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین علی پور سیداں نے شرکا جلوس کا شکریہ ادا کیا اور منتظمین سمیت شرکا کے لیے خصوصی طور پر دعا کی اور کہا کہ گزشتہ37سال سے بھرپور انداز اور مکمل مذہبی عقیدت و احترام سے منا کر غیر مسلموں کو پیغام امن و محبت دیتے رہے ہیں۔ اس جلوس کے جملہ انتظامات انجمن خدام الصوفیا انٹر نیشنل، امیر ملت ٹرسٹ برطانیہ، ورلڈ مسلم فیڈریشن اور مرکزی میلاد کمیٹی کے اراکین، رضا کاروں، عقیدت مندوں نے ادا کیے۔ اختتام پر لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس جلوس میں برمنگھم سمیت گردونواح سے بھی فرزندان اسلام نے شرکت کی۔کیپشن برمنگھم: امیر ملت ٹرسٹ کے زیراہتمام سالانہ جشن میلاد مصطفیﷺ کے جلوس کی قیادت صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کررہے ہیں، علمائے کرام اور مشائخ عظام سمیت عاشقان رسول شریک ہیں ۔