لندن اور گلاسگو کے درمیان سفر کرنیوالے ریل کو فضائی سفر پر ترجیح دیتے ہیں

November 13, 2019

لندن ( پی اے) لندن اور گلاسگو کے درمیان فضائی سفر کی بجائے ریل سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ ورجن ٹرینز کے مطابق جولائی 2019 تک پچھلے 12 ماہ میں 29 فیصد مسافروں نے ہوائی جہاز کی بجائے ٹرین کے سفر کا انتخاب کیا۔ یہ دولت مشترکہ گیمز کے دوران2014 میں قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ کے مقابلے میں 2 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ دونوں شہروں کے درمیان تیز رفتار پروازایک گھنٹہ 15 منٹس لیتی ہے۔ اس کے برعکس ٹرین کے ذریعے یہ سفر ساڑھے چار گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔ ورجن ٹرینز کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ لندن اور گلاسگو کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں یہ اضافہ سال بہ سال 6 فیصد کی شرح سے ہوا جس کے بعد ریل سے سفر کرنے والےمسافروں کی مجموعی تعداد718000 تک پہنچ گئی۔ ایک عشرہ قبل یہ تعداد 244000 تھی۔ ورجن ٹرینز کے منیجنگ ڈائریکٹر فل وٹنگھم نے کہا ہے کہ دونوں شہروں کے درمیان ہوائی جہاز کی بجائے ریل کے ذریعے سفر کا انتخاب کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ ورجن ٹرینز کی جانب سے گزشتہ دو عشروں میں اینگلو۔سکاٹش سروسز میں سرمایہ کاری اور بہتری کا نتیجہ ہے۔ سستی ٹرانسپورٹ چیریٹی ٹرانسفارم سکاٹ لینڈ کے ڈائریکٹر کولن ہائوڈن نے کہا کہ فضائی سفر کی موجودہ سطح اورکلائمیٹ ایمرجنسی کا کوئی مقابلہ نہیں ۔ یہ امرحوصلہ افزا ہے کہ وسطی سکاٹ لینڈ اور لندن کے درمیان سفر کیلئے ریلوے اپنا مارکیٹ شیئر بڑھا رہی ہے۔