کامن ویلتھ نمائش میں متمول اورڈائیورس پاکستانی ثقافت پیش کی گئی

November 13, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) کامن ویلتھ فیئر جو کہ تنظیم کی 70 ویں سالگرہ منانے کیلئے منعقد کی گئی تھی، اس کا افتتاح 1949 کی لندن قرارداد پر ابتدا میں دستخط کرنے والے ممالک بشمول پاکستان کے ہائی کمشنرز کی موجودگی میں ہوا۔ ایف سی او منسٹر اور ومبلڈن کے لارڈ طارق احمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ہائی کمشنر نفیس زکریا اور ان کی اہلیہ ان چند شخصیات میں شامل تھے جنہیں افتتاح کیلئے سٹیج پر مدعو کیا گیا۔کامن ویلتھ کنٹریز لیگ(سی سی ایل) کی سالانہ نمائش میں خوبصورتی سے سجائے گئے پاکستانی سٹالز وزیٹرز کیلئے انتہائی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔ روائتی دستکاریوں، ملبوسات اور غیر ملکی ذائقوں کے ساتھ پاکستانی سٹالز سے بھرپور اور ڈائیورس پاکستانی ثقافت کی عکاسی ہو رہی تھی۔نمائش کیلئے جو اشیا اور سوونیئر رکھے گئے تھے ان میں علاقائی ملبوسات کی ورائٹی ، دستی شالیں، منقش کپڑے، روائتی جیولری، بیگز، کشن کورز، تھروز، چوڑیاں، کیپس اور ریشمی کوٹ شامل تھے۔ سٹال پر مہندی کارنر مختلف کامن ویلتھ رکن ممالک کی نوجوان لڑکیوں کیلئے خصوصی توجہ کا مرکز تھا جہاں مہندی لگوانے کی خواہشمند لڑکیوں کی قطار لگی ہوئی تھی۔ پاکستانی کھانے بالخصوص بریانی اپنے شاندار ذائقہ، خوشبو اور پیش کئے جانے کے انداز کی وجہ سے ایک منفرد لذت کا باعث تھی۔ اس موقع پر وزیٹرز پاکستان کے مقبول قومی نغمات سے بھی لطف اندوز ہوئے۔بیگم ہائی کمشنر مسز نیلوفر کی قیادت میں ہائی کمیشن کی خواتین نے سٹالز کا انتظام کیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سی سی ایل سالانہ فیئر کے ذریعے تمام رکن ممالک اورسفارت کاروں کی فیملیز کو ایک دوسرے سے ملاقاتوں اور ان کی ثقافت کو سراہنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا نے لارڈ طارق احمد اور سفارتی برادری کے دیگر ارکان کے ہمراہ پاکستانی سٹال کا دورہ کیا ۔ انہوں نے لوکل کمیونٹی ایونٹ میں شرکت کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور روائتی مصنوعات کو فروغ دینے کیلئے سرگرمی سے حصہ لینے پر ہائی کمیشن کی خواتین کی کوششوں کو سراہا۔ دولت مشترکہ اور اس کی اقدار کے احترام کیلئے پاکستان کے کمٹمنٹ کی تجدید کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ کامن ویلتھ کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان کے تنظیم سے گہرے مراسم ہیں اور اس طرز کے ایونٹس میں شرکت ان تعلقات کو مزید مستحکم کرتی ہے واضح رہے کہ دولت مشترکہ کی سالانہ نمائش میں رکن ممالک کی مدد کیلئے سی سی ایل ایجوکیشن فنڈ اکٹھا کیا جاتا ہے۔ یہ پروگرام 9 نومبر کو کنسنگٹن ٹائون ہال میں منعقد ہوا۔