کامیابی کا راز اطاعت رسولﷺ میں پوشیدہ ہے،ساجد محمود فراشوی

November 13, 2019

بریڈفورڈ(عبیدالرحمٰن مغل) میلاد کی محافل سیرت النبی کی روشنی سے اپنی زندگی منورکرنے کا درس دیتی ہیں، ایسی محفلیں محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ہیں جہاں انسانیت سے پیار اور وطن عزیز سے محبت کا پیغام دیاجاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ساجد محمود فراشوی اور دیگر مقررین نے جامعہ سیدہ آمنہ میں میلادالنبیﷺ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلادمیں بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علامہ ساجد محمود فراشوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کامیابی کا راز اطاعت رسول میں پوشیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں مقام حاصل کرنے کے لئے قانون کا احترام ناگزیر ہے۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں نوجوانوں کی بے راہ روی کے سدباب کے لئے مساجد اور مشائخ کا کردار بہت اہم ہے۔ اسلامی مراکز نوجوانوں کو اخوت کا درس دیتے ہیں اور یہاں دیگر مذاہب کے احترام کی تلقین کی جاتی ہے۔ محفل میلاد میں نوجوانوں نے نعتیں پڑھ کرنبی آخرالزماں سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔