شان مسعود، افتخار کی ففٹیز، پاکستان اور آسٹریلیا اے کا میچ ڈرا

November 14, 2019

پرتھ (جنگ نیوز) آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم اور آسٹریلیا اے کے درمیان سہ روزہ کرکٹ میچ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر عمران خان دوسری اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ دوسری اننگز میں پاکستان کو اچھی بیٹنگ پریکٹس ملی۔ افتخار احمد اور شان مسعود نے نصف سنچریاں بنائیں۔ پہلی اننگز میں بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں بنائیں تھیں۔ بدھ کو پرتھ میں آسٹریلیا اے نے دوسری اننگز میں دو وکٹ پر 91 رنز بنائے تھے کہ میچ ختم کردیا گیا ۔ عثمان خواجہ 75 گیندوں پر37 اور ٹریوس ہیڈ 45 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔جو برنس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر 11رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ہیرس نے 71 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ شاہین شاہ نے 22 اور نسیم شاہ نے21 رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یاسر شاہ نے 15 اور عمران خان نے سات اوورز میں 18رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ قبل ازیں پاکستان کی دوسری اننگز میں کپتان اظہر علی ایک اور آئوٹ آف فارم حارث سہیل نے چار رنز بنائے۔ شان مسعود نے پہلی اننگز میں ناکامی کا ازالہ کیا اور 116گیندوں پر65 رنز 9 چوکے جبکہٹی 20 سیریز کے ہیرو افتخار احمد نے ناقابل شکست 79 رنز 13 چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ پاکستان نے دوسری اننگز 153 رنز تین وکٹ پر ڈکلیئر کردی۔ پاکستانی ٹیم جمعے اور ہفتے کو کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف دو روزہ میچ پرتھ میں کھیلے گی۔جبکہ پہلا ٹیسٹ 21 نومبر کوبرسبین میں شروع ہوگا۔ ایڈیلیڈ میں دوسرا ڈے اینڈ نائٹ پنک بال ٹیسٹ 29 نومبر سے شروع ہوگا۔