ایف سی دشمن کو نیست ونابود کرنے میں سرگرعمل ہے، وزیر صحت

November 15, 2019

اپشاور(خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا کے قبائل کے بہادر جوانوں پر مشتمل سول آرمڈ فورس ہے جو گلگت کے برف پوش پہاڑوں سے کراچی کے ساحلوں تک پاک سرزمین کے ہر دشمن کو نیست و نابودکرنے میں سرگرم عمل ہیں ۔ وہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورہ کے دوران کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری سے بات چیت کر رہے تھے۔ قبل ایف سی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کمانڈنٹ نے صوبائی وزیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں ایف سی کے جدید دور کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے اور اسے ایک موثر سول آرمڈ فورس بنانے کیلئے اصلاحات اور اقدامات کے ساتھ ساتھ ایف سی کے جوانوں کوصحت اور علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ چونکہ ایف سی کے جوانوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اس لئے بطور شہری اور قانون نافذ کرنے والے ادارہ کے ان کا حق ہے کہ وہ صحت کے شعبہ میں صوبائی حکومت کی سہولیات سے استفادہ کریں۔