پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس،قیمتوں کے ازسرنو تعین کیلئے 8 رکنی سب کمیٹی تشکیل

November 16, 2019

کوئٹہ(خ ن) چیئرمین ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی و ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر (ر) اورنگزیب بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ثاقب کاکڑ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ثانیہ صافی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی ندا کاظمی،اسسٹنٹ کمشنر صدر ببرک خان،ڈی ایس پی کوئٹہ محمد یونس رضا کے علاوہ سابق کونسلر اسلم رند،اسپیشل مجسٹریٹس، ملک شاپ و ڈیری فارم ایسوسیشن، نان بائی ایسوسیشن،مٹن و بیف شاپس ایسوسی ایشن، چیمبر آف کامرس،محکمہ اوزان و پیمائش اور دیگر متعلقہ ایسو سی ایشن کے نمائندے اور افسران موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں گرانفروشوں اور منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔پرائس لسٹ کے برعکس خود ساختہ قیمتیں مقررہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ اشیاء خورونوش کی قمیتوں کا ازسر نو جائزہ لینے کے لیے ایک آٹھ رکنی سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ،محکمہ اوزان و پیمائش،کوالٹی کنٹرول، لائیو اسٹاک اور متعلقہ ایسوسی ایشن کے نمایندے شامل ہونگے جوکہ تمام اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار،وزن اور دیگر وجوہات کا جائزہ لیکر اپنی حتمی رپورٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کو پیش کرے گی۔جس کے بعد اشیاء خوردونوش کی قیمتیں مقررہ کرکے پرائس لسٹ جاری کیا جائے گا۔لہذا سب کمیٹی تمام عوامل کا جائزہ لے تاکہ تمام اسٹک ہولڈرز کے مسائل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مستقل پرحل نکلا جاسکے۔اجلاس میں کہاگیا کہ روٹی کے وزن کاتعین عارضی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کے بعد وزن اور قیمت مستقل بنیادوں پر مقرر کیا جائے گی۔اس طرح دودھ اور گوشت کی قیمتوں کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔کمیٹی روٹی کے وزن اور قیمت کے حوالے سے دو روز میں رپورٹ مرتب کرکے پیش کرے جبکہ دودھ اور گوشت کے حوالے سے کمیٹی دس سے پندرہ روز کے اندر اندر تمام امور کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کروانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔حفظان صحت کے اصولوں اور اشیاء خوردونوش کے میعار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔