شہر میں لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ اب بھی برقرا ر ہے،پشتونخوا میپ

November 16, 2019

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ اب بھی برقرا ر ہے محکمہ کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلامیہ بیان کے ذریعے عوام کو صرف دھوکہ دیا جارہا ہے جبکہ اصل صورتحال اس کے مکمل برعکس ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ پہلے بھی کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں زبانی ، تحریری اور اخباری بیانات کے ذریعے آگاہ کرچکی ہے اور اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا ۔ لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ فی گھر ہزاروں روپے بجلی وگیسکا بل ادا کرنے والے صارفین کو نہ ہی بجلی درست وولٹیج میں میسر ہے اور نہ ہی گیس مکمل پریشر کے ساتھ ملتی ہے ۔ اسی طرح کوئٹہ شہر کے اندر پشتون باغ میں 16گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس مکمل طور پر بند ہے جو کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے بلند بانگ دعووں کی مکمل طور پر نفی ہے ۔ پشتونخوامیپ یہ واضح کرتی ہے کہ اگر تین دن کے اندر پشتون باغ کے علاقے میں شہریوں کو درپیش اذیت ناک صورتحال کا ازالہ نہ کیا گیا اور بجلی وگیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ پر امن سیاسی جمہوری احتجاج کریگی اور علاقے سے گزرنے والی شاہراہوں کو بلاک کردیا جائیگا۔