شہزادی میگھن مارکیل اب تک برطانوی شہریت سے محروم

November 16, 2019

شہزادہ ہیری کی اہلیہ شہزادی میگھن مارکیل اب بھی برطانوی شہریت سے محروم ہیں اور گزشتہ 2 سال سے اپنی درخواستوں کے باوجود شہری حقوق کا انتظار کر ہی ہیں۔

برطانوی ٹیبلائڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈچز آف سسکس نے شہزادہ ہیری کے ساتھ منگنی کے بعد ہی برطانوی شہریت کی درخواست دائر کردی تھی۔

کینسنگٹن پیلیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہزادی کو بھی شہریت حاصل کرنے میں اتنا ہی وقت لگے گا جتنا دیگر لوگوں کو لگتا ہے۔

شہزادہ ہیری کے سیکریٹری مواصلات جیسن ناؤف نے بتایا کہ شہزادی میگھن مارکیل بھی ہر وقت امیگریشن ضروریات کی تابعدار ہوں گی۔

اس بیان سے یہ واضح ہے کہ شاہی خاندان کا حصہ بننے کے باوجود میگھن مارکیل برطانوی شہریت حاصل نہیں کر سکی ہیں۔

اس حوالے سے میگھن مارکیل کی ایک دوست کا بھی یہ کہنا تھا کہ انہیں اب تک برطانوی شہریت نہیں مل سکی ہے، یہ بہت ہی حیرت انگیز ہے کہ ملکہ کے پوتے سے شادی کرنے کے 18 ماہ بعد بھی انہیں شہریت نہیں ملی، جبکہ وہ خود بھی یہ قبول کرتی ہیں کہ شہریت ملنے کا عمل سست روی کا شکار رہتا ہے۔

برطانیہ میں شہریت حاصل کرنے کے بہت سے طریقے ہیں لیکن میگھن مارکیل نے بطور شریک حیات برطانوی شہریت کے لیے درخواست دی ہے۔

اس صورت میں اگر کوئی غیر ملکی لڑکا یا لڑکی برطانوی لڑکی یا لڑکے کا منگیتر بن کر یہاں آتا ہے تو اسے 6 ماہ کے عرصے میں شادی کرنی ہوتی ہے اور یہ شرط میکھن مارکیل نے شہزادہ ہیری سے مئی 2018 میں شادی کرکے پوری کرلی تھی۔

علاوہ ازیں اگر کوئی غیر ملکی برطانوی شہری کا شریک حیات بن کر آتا ہے تو اسے اپنا رشتہ واضح کرنے کے لیے ثبوت فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جس میں ای میلز، فون پر بات چیت، چھٹیوں پر لی گئی تصاویر اور فلائٹ کے ٹکٹس وغیر شامل ہیں۔

شادی شدہ شریک حیات برطانیہ میں تین سال گزارنے کے بعد یہاں کی شہریت حاصل کرنے کے لیے درخواست داخل کرواسکتا ہے۔