کتوں کی بہتات کے باعث عوام سخت پریشان ہیں،حافظ نعیم

November 17, 2019

کراچی (اسٹاف رپو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر بھر میں کتوں کی بہتات،کاٹنے سے بڑھتے ہوئے واقعات اور ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت ،محکمہ صحت اور شہری وضلعی انتظامیہ کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومتوں کی نا اہلی کی وجہ سے بے شمار مسائل اور مشکلات میں گھرے ہوئے عوام اب کتوں کی بہتات کے باعث جان کو لاحق خطرات سے بھی سخت پریشان ہیں ،جو حکومت عوام کو کتوں سے بھی تحفظ فراہم نہ کرسکے وہ اور کیا ریلیف فراہم کر سکے گی،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ کی اپنی رپورٹ اور اعدادوشمار کے مطابق رواں سال سگ گزیدگی کے ایک لاکھ 87 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے اور مرنے والوں کی تعداد 23 ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ صوبائی وزیر صحت اور بہبود آبادی کی جانب سے ان واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے عوام کو کتوں سے دور رہنے اور تنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہےحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریبزویکسین نہ ہونے کے برابر ہے حکومت کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں اور کراچی سمیت پورے صوبے میں سگ گزیدگی ایک بہت بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔