جیو پر آج دیکھیں، مسجد اقصیٰ کے امام کا ”ایک دِن جیو کے ساتھ“، استعفیٰ دو راستہ لو ”خبرناک“ کا موضوع

November 17, 2019

کراچی (جنگ نیوز) مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، حضرت سلمان علیہ السلام نے مسجد اقصیٰ کی تعمیر جنات سے کرائی تھی۔ مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عمر فہمی عوض اللہ الکسوانی نے کہا ہے کہ اسرائیل میں مسلمانوں کی زندگی بہت مشکل ہے، عرب کے عوام کو نئے گھر تعمیر کرنے کی اجازت نہیں۔ مسجد اقصیٰ کے انتظامی امور اردن کے اوقاف کے سپرد ہیں ۔ بیت المقدس کے مسلمان پرامید ہیں کہ اللہ انہیں ضرورآزادی عطا فرمائے گا۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ عمر فہمی عوض اللہ الکسوانی کی تفصیلی گفتگو ناظرین اتوار کی شام 7 بجکر5منٹ پر ملاحظہ کرسکیں گے۔ ٭ محمود خان اچکزئی ”خبرناک “ کے مہمان ہوں گے۔ شو کے دوران مختلف سوالوں کے جواب میں (ڈمی) محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ استعفیٰ دو راستہ لو، چھوٹی پارٹی نام بڑا اور عمران میری نقل کر کے وزیراعظم بنا ہے۔ پروگرام کے دوران جو دیگر موضوعات زیر بحث لائے جائیں گے اُن میں ”خان صاحب مولانا کے دھرنے میں کیوں گئے؟، جنگلی حیات کے انوکھے رکھوالے ، یکساں نصاب تعلیم اور کاروبار“ شامل ہیں۔ طنز و مزاح سے بھر پور ”خبرناک“ علی میر اور عائشہ جہانزیب کی میزبانی میں رات 11 بجکر5منٹ پر دکھایا جائے گا۔